لندن: برطانیہ نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ جنگ بندی اور مجوزہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان سمیت تمام فریقین کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے تنازع کے پرامن حل میں کردار ادا کیا۔
برطانیہ کی سیکریٹری خارجہ یوویٹ کوپر نے کہا کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کے قیام، بین الاقوامی شپنگ اور عالمی معیشت کو معمول پر لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور دیگر معاونین کی کوششوں کو بھی سراہا۔
سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ برطانیہ نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، خلیجی ممالک کے دفاع کے حق کا تحفظ اور تنازع کے فوری حل کے لیے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے برطانیہ کی قیادت میں 40 سے زائد ممالک کا اجلاس ہوا جس میں انٹرنیشنل شپنگ کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یوویٹ کوپر نے زور دیا کہ ایران کو بارودی سرنگیں بچھانے، ڈرون حملے کرنے اور آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیاں روکنے کی کوششیں فوری طور پر بند کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لبنان میں کشیدگی بھی ختم کی جائے اور مجوزہ مذاکرات سے تنازع کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس جنگ بندی، مذاکرات میں پیش رفت، خطے میں سیکیورٹی اور تحفظ، اور دنیا میں شپنگ کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔
ایران-امریکا جنگ بندی پر برطانیہ کا پاکستان سمیت تمام معاونین کا شکریہ








