بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر بھارت میں صف ماتم،کانگریس مودی سرکار پر برس پڑی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں جاری سفارتی مذاکرات نے بھارت میں سیاسی ہلچل مچا دی، جہاں وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

خلیجی کشیدگی کے تناظر میں بھارت کی سفارتی کارکردگی پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے خارجہ محاذ پر ناکامی قرار دیا ہے۔ بھارتی اخبار “ڈیکن ہیرالڈ” کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنما جئے رام رامیش نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے بطور ثالث مرکزی کردار نے مودی کی خارجہ پالیسی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ “نمستے ٹرمپ” اور “پھر ایک بار ٹرمپ سرکار” جیسے نعروں کے باوجود امریکہ نے پاکستان کو یہ اہم سفارتی کردار کیوں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ یکطرفہ تجارتی معاہدوں پر رضامندی کے باوجود مودی حکومت کوئی خاطر خواہ سیاسی فائدہ حاصل نہیں کر سکی۔

کانگریس رہنما نے مزید سوال کیا کہ بھارت برکس پلس کی صدارت کے باوجود خلیجی بحران میں کوئی مؤثر مصالحتی کردار کیوں ادا نہ کر سکا۔

ماہرین کے مطابق ایران-امریکہ جنگ بندی میں پاکستان کا فعال کردار عالمی سطح پر اس کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ بھارت میں مودی حکومت پر ہونے والی تنقید اس کی خارجہ پالیسی کی کمزوریوں کو بے نقاب کر رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں نہ صرف عالمی سطح پر اس کے مثبت تشخص کو مضبوط کر رہی ہیں بلکہ خطے میں اسے ایک مؤثر اور ذمہ دار کردار کے طور پر بھی پیش کر رہی ہیں، جس کے باعث بھارت کی حکومت دباؤ کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔