اسلام آباد: گلگت بلتستان (Gilgit-Baltistan) کے ضلع گانچھے سے تعلق رکھنے والے نامور وکلاء نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ شمولیت وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران عمل میں آئی۔
تقریب کے موقع پر انجینئر امیر مقام نے نئی شمولیت اختیار کرنے والے وکلاء کو پارٹی کیپ اور مفلر پہنائے اور انہیں مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک منظم اور مضبوط سیاسی جماعت ہے جو ملک کی ترقی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جن میں پرائم منسٹر سولر پینل اسکیم 2026 بھی شامل ہے، جس کا مقصد توانائی کے بحران پر قابو پانا اور دور دراز علاقوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت 100 میگاواٹ کے شمسی منصوبے کے ذریعے بجلی کی قلت کو کم کرنے اور صاف توانائی کے فروغ کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ قطر، دوحہ میں شاندار استقبال
انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں سڑکوں کے منصوبے جاری ہیں جن سے نہ صرف رابطے بہتر ہوں گے بلکہ سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ قومی سلامتی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے وکلاء میں محمد علی یار ایڈووکیٹ، حاجرہ ایڈووکیٹ، حبیبہ ایڈووکیٹ، عبد الکریم ایڈووکیٹ اور ایم اسرار ایڈووکیٹ شامل تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ صدر گانچھے سلطان علی خان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
نئے شامل ہونے والے وکلاء نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔









