ایران کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں کی جانب سے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کے حوالے سے سخت اور دوٹوک مؤقف سامنے آیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے مکمل حقوق تسلیم کیے جانے تک آبنائے ہرمز سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا مسلسل جنگ کے خدشات سے خوفزدہ ہے، جبکہ ایران ہر قسم کی طویل جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
مزید پڑھیں:ایران کیساتھ ڈیل ہوئی تو خود پاکستان جائوں گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ ایرانی لانچرز اور دفاعی نظام امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کی بحری قوت کمزور ہو چکی ہوتی تو امریکا بلا خوف و خطر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی جرات کرتا، لیکن ایسا نہیں ہو رہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنی دفاعی حکمت عملی میں خود کفیل ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق، آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے اور اس پر ایران کا اثر و رسوخ ایک حقیقت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔








