آئی سی سی(ICC) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات کی زد میں آ گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ کرکٹ کینیڈا میں مبینہ کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے، جن میں ورلڈ کپ کا یہ میچ بھی شامل ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت دو الگ تحقیقات جاری ہیں، جن میں کرکٹ کینیڈا اور اینٹی کرپشن کوڈ کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر مبینہ خلاف ورزیوں کے الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقات کا آغاز ایک دستاویزی فلم کے بعد ہوا، جس میں کرپشن، کرائم اینڈ کرکٹ کینیڈا نامی پروگرام نے کرکٹ کینیڈا کی گورننس اور مبینہ بدعنوانی سے متعلق تفصیلات پیش کی تھیں۔
مزید پڑھیں:عبدالرزاق ہوں نہ اظہر محمود، میں فہیم اشرف ہوں: آل راؤنڈر کا تنقید کرنیوالوں کو جواب
ڈاکیومنٹری میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کینیڈا کے ایک اوور کو خاص طور پر زیر بحث لایا گیا ہے، جس میں کپتان دلپریت باجوہ کے باؤلنگ اوور کے دوران غیر معمولی واقعات کا ذکر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جب نیوزی لینڈ ہدف کا تعاقب کر رہی تھی اور اس کا اسکور 35 رنز پر دو وکٹ تھا، تو دلپریت باجوہ نے اپنا اوور نو بال سے شروع کیا، ایک وائیڈ بال بھی کروائی اور مجموعی طور پر اس اوور میں 15 رنز دیے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ دلپریت باجوہ کو ورلڈ کپ سے صرف تین ہفتے قبل ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایک اور معاملے کی تحقیقات ایک لیک فون کال سے متعلق ہیں، جس میں ٹیم کے کوچ خرم چوہان نے مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا کہ کرکٹ کینیڈا کے بعض سینئر عہدیدار کھلاڑیوں کے انتخاب پر دباؤ ڈالتے رہے۔
مزید پڑھیں:آسٹریلوی ٹیم 15 سال بعد وائٹ بال سیریز کے لیے بنگلادیش کا دورہ کرے گی، شیڈول جاری
لیک آڈیو کے مطابق میچ فکسنگ سے متعلق بھی الزامات سامنے آئے ہیں، جس کی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ مزید جانچ کر رہا ہے۔
آئی سی سی انٹیگریٹی یونٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق ادارہ ان معاملات سے آگاہ ہے تاہم جاری تحقیقات پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ مذکورہ میچ میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔









