بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد محدود کرنا ضروری ہے، جو کینٹ

امریکا میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر(National Counterterrorism Center) کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کو محدود کرنا ضروری ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر ٹرمپ کے اس بیان، “اسرائیل اب لبنان پر مزید بمباری نہیں کرے گا”، پر تبصرہ کرتے ہوئے جو کینٹ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک تاریخی معاہدہ طے پانے کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ اسرائیل پر عائد پابندیوں کو برقرار رکھتے ہیں تو اس معاہدے کے برقرار رہنے کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:امریکا کا ایران کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم معاہدے پر غور، امریکی میڈیا

جو کینٹ کے مطابق یہ بیان ایک مثبت آغاز ضرور ہے، تاہم اس کے بعد اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کو محدود کرنا بھی ناگزیر ہوگا تاکہ امن کوششیں مؤثر ثابت ہو سکیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی وہ یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ اگر اسرائیل کو قابو میں نہ رکھا گیا تو آئندہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے، اور فیصلہ سازی کے عمل میں اس کی براہِ راست رسائی مذاکرات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ جو کینٹ نے 17 مارچ کو ایران کے خلاف جاری جنگ پر اختلاف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزید پڑھیں:ٹرمپ کا پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین

اپنے استعفے میں انہوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق اس جنگ کی حمایت نہیں کر سکتے، کیونکہ ان کے نزدیک ایران امریکا کے لیے کوئی فوری خطرہ نہیں تھا۔

انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ جنگ اسرائیل اور اس سے منسلک بااثر لابیز کے دباؤ کے نتیجے میں شروع کی گئی۔

یاد رہے کہ جو کینٹ ایک سابق امریکی اسپیشل فورسز اہلکار رہ چکے ہیں، جنہوں نے متعدد جنگی مشنز میں حصہ لیا، جبکہ بعد ازاں وہ سی آئی اے سے بھی وابستہ رہے۔ انہیں چند ماہ قبل ہی سینیٹ کی منظوری کے بعد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔