اسلام آباد میں ایچ آئی وی(HIV) کیسز میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں جنوری 2025 سے مارچ 2026 کے دوران مجموعی طور پر 618 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہر ماہ اوسطاً 41 سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔ رپورٹ ہونے والے کیسز میں 64 فیصد بالغ مرد شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 397 مرد، 106 خواتین، 93 خواجہ سرا اور 22 بچے متاثر ہوئے ہیں۔
سال 2025 کے دوران 498 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مزید 120 کیسز سامنے آئے۔ دستیاب ڈیٹا کے مطابق جولائی 2025 سب سے زیادہ متاثرہ مہینہ رہا، جس میں 63 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ جون اور دسمبر میں نسبتاً کم ترین 31، 31 کیسز سامنے آئے۔
ماہرین صحت کے مطابق نوجوان مردوں میں منشیات، خصوصاً آئس (کرسٹل میتھ) کے استعمال اور غیر محفوظ تعلقات اس بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔
مزیدپڑھیں:ریما نے معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ کیوں مارا؟ وجہ بتادی
ماہرین نے صورتحال کو ایک بڑھتا ہوا عوامی صحت کا بحران قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو کیسز میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں مجموعی طور پر ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً ساڑھے 3 لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے، جس کے باعث ملک میں آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔









