پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی(Fazila Qazi) نے کہا ہے کہ ساس کے رویوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے بدلتے رویے کے پیچھے اہم نفسیاتی اور جسمانی عوامل ہوتے ہیں۔
فضیلہ قاضی حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے ساس اور ماں کے رویوں میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ یہ کہتے ہیں کہ بیٹوں کی شادی کے بعد ساس کا رویہ بدل جاتا ہے، مگر کوئی یہ نہیں سوچتا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق زیادہ تر خواتین اس عمر میں ہوتی ہیں جب ان کے بچوں کی شادیاں ہوتی ہیں اور یہ عمر پری مینوپاز کا مرحلہ ہوتی ہے، جس میں ہارمونل تبدیلیاں خواتین کے جذبات اور رویے پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
فضیلہ قاضی نے کہا کہ اس عمر میں خواتین زیادہ جذباتی ہو جاتی ہیں اور اکثر رونے لگتی ہیں، جبکہ ماضی میں اس حوالے سے آگاہی کم ہونے کے باعث خواتین خود بھی ان تبدیلیوں کو سمجھ نہیں پاتی تھیں۔
مزیدپڑھیں:راولپنڈیز ٹیم کے وفد کا ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز کا دورہ
انہوں نے کہا کہ جب وہ خواتین ساس بنتی ہیں تو ان تبدیلیوں کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے اور بعض اوقات وہ خود ترسی کا شکار بھی ہو جاتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب خواتین خود کو گھر کے تمام کام کرنے والی ایک مددگار سمجھنے لگتی ہیں، اس لیے معاشرے کو چاہیے کہ وہ ان کے جذبات اور حالات کو سمجھے اور ساس کے رویے کو صرف منفی انداز میں نہ دیکھے۔









