سکردو، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جہاں سڑکوں کی تعمیر، سولرائزیشن منصوبے (solarization)اور دانش اسکولز جیسے اقدامات جاری ہیں، جو علاقے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔
حکومت پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور “پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم” اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جو طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر، فیکلٹی، طلبہ و طالبات اور معزز مہمانانِ گرامی کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان کا قیام سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، جس نے علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو مقامی سطح پر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قلیل عرصے میں اس ادارے نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف(shahbaz shrif) کا وژن نوجوانوں کو تعلیم، مہارت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ کو محض ایک آلہ نہیں بلکہ اپنی کامیابی کی کنجی کے طور پر استعمال کریں۔خطاب کے دوران انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت نے عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر مؤثر سفارتی کوششیں کیں۔ آج پھر اسی سبز پاسپورٹ کی عزت ہو رہی ہے- ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی نے دنیا کو پاکستان کی صلاحیتوں، عزم اور خودمختاری کا واضح پیغام دیا ہے۔
انہوں نے رانا مشہود احمد خان کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی ایک کرن بن چکا ہے۔
مزید پڑھیں:میٹا کا اپنی تمام ایپس کیلئے بہت بڑی تبدیلی کرنیکا اعلان؟ جانیئے دلچسپ معلومات
قبل ازیں یونیورسٹی پہنچنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو ادارے کی تعلیمی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کے لان میں پودا بھی لگایا۔









