تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان (Masoud Pezhakian) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں احتیاط اختیار کریں اور غیر ضروری کھپت کو کم کریں۔
نیم سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق صدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں توانائی کے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور بعض عناصر ملک کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں توانائی کا ذمہ دارانہ استعمال ضروری ہے۔ گھروں میں جہاں زیادہ بلب یا برقی آلات غیر ضروری طور پر چل رہے ہوں، وہاں بچت کی عادت اپنائی جائے تاکہ قومی وسائل محفوظ رہ سکیں۔
صدر پزشکیان نے زور دیا کہ عوامی تعاون کے بغیر توانائی بحران پر قابو پانا ممکن نہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بجلی کے استعمال میں اعتدال اختیار کرنا ہوگا۔








