امریکی محکمہ خارجہ نے ملک کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر محدود تعداد میں خصوصی پاسپورٹس جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے اندرونی سرورق پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر(donald trump photo on passport) نمایاں طور پر شامل ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق ان پاسپورٹس کے نمونوں میں ٹرمپ کی تصویر کے گرد اعلانِ آزادی کا متن، امریکی پرچم اور صدر کے دستخط سنہری رنگ میں دکھائے گئے ہیں جبکہ ایک اور صفحے پر بانیانِ امریکا کی تاریخی پینٹنگ بھی شامل ہے جس میں اعلانِ آزادی پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ پاسپورٹس رواں موسمِ گرما میں جاری کیے جائیں گے اور یہ ٹرمپ انتظامیہ کی ’America250‘ تقریبات کا حصہ ہیں جن میں اگست میں نیشنل مال پر فارمولہ ون ریس اور جون میں وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں یو ایف سی مقابلہ بھی شامل ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ ’امریکا جولائی میں اپنی 250ویں سالگرہ منا رہا ہے اور محکمہ خارجہ اس تاریخی موقع کی یاد میں خصوصی ڈیزائن کے محدود پاسپورٹس جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق پاسپورٹ کے سرورق میں بھی معمولی تبدیلی کی گئی ہے جس میں ’United States of America‘ کو نمایاں کیا گیا ہے جبکہ پچھلے سرورق پر 1777 کے 13 ستاروں والے امریکی پرچم کے ساتھ ’250‘ کا ہندسہ درج ہوگا۔
مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ کا اجلاس،مقامی سطح پر ویکسین تیاری سمیت متعدد پالیسیاں منظور
ایک اہلکار کے مطابق یہ نئے پاسپورٹس ہر اس امریکی شہری کے لیے دستیاب ہوں گے جو اجرا کے بعد پاسپورٹ کے لیے درخواست دے گا۔









