بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’سزا دیں یا عزت واپس کریں‘، شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کا فحش مواد کیس پر جذباتی بیان

بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی (Shilpa Shetty)کے شوہر، معروف بھارتی بزنس مین اور اداکار راج کندرا(Raj Kundra) نے چار برس سے جاری مبینہ فحش مواد کیس پر خاموشی توڑتے ہوئے جذباتی اپیل کردی۔

راج کندرا نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ اگر وہ واقعی قصوروار ہیں تو عدالت انہیں قانون کے مطابق سزا دے، لیکن اگر ان پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوتے تو انہیں باعزت بری کرکے ان کی آزادی اور ساکھ واپس کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے یہ مقدمہ نچلی عدالت میں زیر سماعت ہے، اور اب ان کے وکیل اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں۔ راج کندرا کے مطابق مسلسل تاخیر نے ان کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ٹرائل نے ان کی عزت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، جبکہ انصاف میں تاخیر دراصل انصاف سے محرومی کے مترادف ہے۔

مزیدپڑھیں:معروف گلوکارہ کا میوزک کمپوزر پر جنسی استحصال اور سنگین دھمکیوں کا الزام

واضح رہے کہ راج کندرا کو جولائی 2021 میں ممبئی کرائم برانچ نے مبینہ طور پر فحش مواد کی تیاری اور تقسیم کے سنگین الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے انہیں اس مبینہ نیٹ ورک کا اہم کردار قرار دیا تھا۔

تاہم گرفتاری کے بعد وہ تقریباً دو ماہ جیل میں رہے، جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہائی ملی۔

یہ کیس بھارت کی شوبز اور کاروباری دنیا کے سب سے زیادہ متنازع مقدمات میں شمار ہوتا ہے، جبکہ راج کندرا کے حالیہ بیان نے ایک بار پھر اس معاملے کو سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔ اب نظریں عدالت کے آئندہ فیصلے پر مرکوز ہیں، جو ان کے مستقبل اور ساکھ کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔