بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایپل کی 20ویں سالگرہ پر انوکھا آئی فون لانچ ہونے کا امکان

ایپل کے متوقع آئی فون سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق کمپنی اپنے اسمارٹ فون کی 20ویں سالگرہ پر ایک بالکل نیا ڈیزائن متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس فون میں ایسی اسکرین دی جا سکتی ہے جو چاروں اطراف سے خم دار ہوگی اور دیکھنے میں تقریباً بغیر کناروں والی محسوس ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایپل 2027 میں آنے والے اس فون پر خاص توجہ دے رہی ہے، حالانکہ اس سے پہلے کمپنی آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے والی ہے۔

ایک معروف ٹِپسٹر آئس یونیورس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 20 میں ”مکمل طور پر نئی ڈسپلے زبان“ استعمال کی جائے گی۔ ان کے بقول، ”یہ فون ایک نئے قسم کے کواڈ کروڈ ڈسپلے کے ساتھ آئے گا جو چاروں کناروں سے ہلکے انداز میں مڑا ہوا ہوگا۔“

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نئی اسکرین کو ممکنہ طور پر ”لیکویڈ گلاس ڈسپلے“ کا نام دیا جا سکتا ہے، جو ایپل کی سافٹ ویئر حکمت عملی کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔ یہ اسکرین عام خم دار اسکرینز کے مقابلے میں کم نمایاں خم رکھے گی، جس سے صارف کو زیادہ قدرتی اور ہموار تجربہ ملے گا۔

مزیدپڑھیں:شادی میں ڈی جے کی آواز سے 140 مرغیاں ہلاک

آئس یونیورس کے مطابق، ”اس ٹیکنالوجی میں روشنی کے انعکاس، روشنی کو مخصوص انداز میں پھیلانے کے طریقوں اور خاص بصری اثرات کا استعمال کیا جائے گا تاکہ اسکرین کے کنارے تقریباً نظر ہی نہ آئیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”اس طریقے سے بغیر کسی بگاڑ کے ایک بارڈر لیس اسکرین کا تاثر پیدا کیا جا سکے گا۔“


رپورٹ کے مطابق ایپل اس مقصد کے لیے سام سنگ کی تیار کردہ جدید او ایل ای ڈی اسکرین استعمال کر سکتا ہے، جس میں سی او ای ٹیکنالوجی شامل ہوگی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے اسکرین کو مزید باریک اور لچکدار بنایا جا سکتا ہے، جبکہ روشنی کی گزرگاہ میں تقریباً 33 فیصد اضافہ اور بجلی کی کھپت میں 25 فیصد تک کمی ممکن ہے۔

اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ ایپل ایک ایسی اسکرین پر بھی کام کر رہی ہے جس میں کیمرہ یا سینسرز کے لیے کوئی کٹ آؤٹ نہ ہو۔ تاہم، اس حوالے سے کمپنی کو فیس آئی ڈی اور فرنٹ کیمرہ کو اسکرین کے نیچے چھپانے میں تکنیکی چیلنجز کا سامنا ہے۔

اگرچہ پہلے کہا جا رہا تھا کہ ایپل انڈر ڈسپلے کیمرہ ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے، لیکن امکان ہے کہ ابتدائی ماڈل میں کمپنی اپنا موجودہ ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن برقرار رکھے، جس میں سیلفی کیمرہ اور دیگر سینسرز شامل ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ تمام تبدیلیاں حقیقت بن گئیں تو آئی فون 20 ایپل کے لیے ایک بڑا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے اور اسمارٹ فون ڈیزائن میں ایک نئی سمت متعین کر سکتا ہے۔