بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران جنگ کے دوران اسرائیل کی خفیہ دفاعی معاونت، یو اے ای کو جدید لیزر سسٹم فراہم کرنے کا دعویٰ

ایران (Iran) کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کو جدید دفاعی نظام فراہم کیا ہے تاکہ میزائل اور ڈرون حملوں سے تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے یو اے ای کو “اسپیکٹرو” نامی ایک جدید سرویلنس سسٹم فراہم کیا، جو تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے سے آنے والے ڈرونز، خصوصاً ایرانی ساختہ “شاہد” ڈرونز، کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اپنا جدید “آئرن بیم” لیزر دفاعی نظام بھی فراہم کیا ہے، جو کم فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نظام حالیہ مہینوں میں لبنان سے ہونے والے حملوں کے دوران بھی استعمال کیا گیا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ان نظاموں کے ساتھ اسرائیل نے اپنا “آئرن ڈوم” فضائی دفاعی سسٹم بھی متحدہ عرب امارات منتقل کیا، جبکہ ان سسٹمز کی آپریشنل نگرانی کے لیے اسرائیلی فوجی اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق بعض اضافی ہتھیار اور مزید اسرائیلی اہلکار بھی یو اے ای میں موجود ہیں، جو دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

اخبار نے ذرائع کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے مغربی علاقوں سے ممکنہ میزائل حملوں سے متعلق حساس انٹیلی جنس معلومات بھی متحدہ عرب امارات کے ساتھ شیئر کی ہیں، جس سے خطے میں دفاعی تعاون کا ایک نیا پہلو سامنے آیا ہے۔