اسلام آباد اور مکہ مکرمہ سے موصول اطلاعات کے مطابق پاکستان کا پری حج آپریشن 2026(haj operations) کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جو مجموعی تعداد کا تقریباً 30 فیصد بنتے ہیں۔
حج آپریشن کو منظم اور سہل بنانے کے لیے 948 خدام الحجاج اور ویلفیئر اسٹاف کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تعینات کیا گیا ہے، جو عازمین کو ایئرپورٹس سے رہائش گاہوں تک ہر مرحلے پر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
کوآرڈینیٹر ناصر عزیز خان کے مطابق اب تک پاکستان سے 137 پروازیں روانہ ہو چکی ہیں۔ اس وقت 21 ہزار سے زائد حجاج مکہ مکرمہ جبکہ 14 ہزار سے زائد مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تعینات عملے میں معاونین، طبی ٹیم اور خدام شامل ہیں جو 24 گھنٹے شفٹوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حج مشن کے تحت ہسپتالوں میں ہزاروں مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے جبکہ مکہ اور مدینہ میں حجاج کو رہنمائی اور دیگر سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔
مزید برآں، مدینہ منورہ میں گمشدہ سامان کی بیشتر شکایات حل کر کے سامان عازمین کے حوالے کیا جا چکا ہے، جبکہ ہزاروں حجاج کو زیارات اور رہنمائی میں بھی مدد فراہم کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:آبنائے ہرمز کشیدگی، اسرائیل کی ایران پر نئے حملوں کی تیاری، امریکی فیصلے کا انتظار
حج حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے تاکہ وہ مکمل سکون اور یکسوئی کے ساتھ مناسکِ حج ادا کر سکیں۔









