پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق(khawaja salman rafiq) نے بینظیر بھٹو اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال میں زیرزمین پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے والی جگہ کا معائنہ کیا۔
وزیر صحت نے بیسمنٹ میں پانی رساؤ کے مسئلے کے دیرپا حل کیلئے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں پانی کا رساؤ انفراسٹرکچر کیلئے نقصان دہ ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور انسانی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں وزیر صحت کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں سی اینڈ ڈبلیو، واسا اور اسپتال انتظامیہ نے زیرزمین پانی کی سطح کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق پانی رساؤ کی بڑی وجہ زیرزمین پانی کی سطح بلند ہونا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے مسئلے کے پائیدار حل کیلئے سائنسی بنیادوں پر اسٹڈی اور فوری سروے کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا ہوائی جہازوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز دینے کا فیصلہ
وزیر صحت نے بعد ازاں زچہ بچہ اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں متعلقہ حکام نے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔









