بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نظریاتی صحافت کا بڑا نام الطاف حسن قریشی دنیا سے رخصت

پاکستان کے ممتاز دانشور، سینئر صحافی، کالم نگار اور ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیرِ اعلیٰ الطاف حسن قریشی(Altaf Hussain Qureshi) انتقال کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج اتوار 17 مئی کو نمازِ ظہر کے بعد دوپہر ڈیڑھ بجے جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

الطاف حسن قریشی پاکستان میں نظریاتی صحافت، فکری مباحث اور قومی موضوعات پر اپنی منفرد تحریروں کے باعث ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے ذریعے کئی دہائیوں تک صحافت، ادب اور فکری رہنمائی کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی تحریروں نے نہ صرف صحافتی حلقوں بلکہ نوجوان نسل کی فکری تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد صحافتی، ادبی اور علمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ان کی وفات کو اردو صحافت اور فکری دنیا کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

مزیدپڑھیں:کراچی: تاجر پر تشدد، ایف آئی اے ایس ایچ او معطل

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ الطاف حسن قریشی کے انتقال سے صحافت کے شعبے میں ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جو شاید ہی کبھی پُر ہو سکے۔

دوسری جانب آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے بھی ممتاز مدیر، دانشور اور سینئر صحافی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اے پی این ایس کے صدر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مرحوم اردو صحافت کی نہایت باوقار اور بااثر شخصیت تھے اور صحافت و فکری مباحث میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔