پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کی جانب سے عسکری اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔

اس موقع پر 50 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغۂ بسالت عطا کیے گئے۔ بعد از شہادت اعزازات شہداء کے اہلِ خانہ کے سپرد کیے گئے تاکہ ان کی قربانیوں کو قوم کے سامنے خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

مزیدپڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس،ٹکٹوں کی تقسیم پرمشاورت
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں اور وطن کا امن انہی کی عظیم قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کی ثابت قدمی اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر لمحہ سرگرمِ عمل ہیں۔










