بلوچستان کے ضلع قلات میں پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد عیدالاضحیٰ منانے کیلئے کراچی سے اپنے آبائی علاقے پشین جا رہے تھے۔
لیویز اور پولیس حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے پشین جانے والی ایک تیز رفتار کار مخالف سمت سے آنے والی پک اپ گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم انتہائی شدید تھا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق پشین کے علاقے کلی ملک کٹا سے تھا اور وہ عید کی تعطیلات اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ گزارنے کیلئے سفر کر رہے تھے۔
مزیدپڑھیں:ایبولا وائرس کا خطرہ، کراچی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ جاری
حکام نے بتایا کہ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے بعد ازاں انہیں آبائی علاقے روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی جبکہ مقتولین کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ مقامی افراد اور اہل علاقہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔









