بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تہران میں علی خامنہ ای کی نماز جنازہ انتہائی سخت سکیورٹی میں ادا کیے جانے کا دعویٰ

لندن(London) برطانوی اخبار ’’دی ٹیلی گراف‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ تہران میں انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت ادا کر دی گئی ہے۔ تاہم اس خبر کی تاحال کسی آزاد یا سرکاری ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

رپورٹ کے مطابق نماز جنازہ جمعرات کے روز محدود پیمانے پر منعقد ہوئی، جس میں آیت اللہ خامنہ ای کے اہل خانہ، قریبی ساتھیوں اور چند اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ اخبار کے مطابق تقریب کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا اور سکیورٹی خدشات کے باعث عوام کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں؛ایرانی حکومت کیخلاف اقتصادی آپریشن فیوری جاری ہے، امریکی وزیر خزانہ

دوسری جانب ایرانی حکومت اور سرکاری میڈیا کی جانب سے اس حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث خبر کی صداقت پر سوالات برقرار ہیں۔

یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے بارے میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ وہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے دوران اپنے چند اہل خانہ سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان حملوں میں ایران کی عسکری قیادت کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات دی گئی تھیں، جبکہ متعدد اعلیٰ فوجی حکام اور مشیران کے مارے جانے کے دعوے بھی کیے گئے تھے۔

خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اس خبر نے عالمی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ ایران کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔