بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ نے ایران معاہدے کا خفیہ مسودہ اتحادی ممالک کو بھجوا دیا، برطانوی میڈیا کا دعویٰ

برطانوی اخبارگارڈین ’’Guardian‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کا خفیہ مسودہ اسرائیل سمیت اپنے قریبی اتحادی ممالک کو ارسال کر دیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کی بحالی، امریکی پابندیوں میں نرمی اور ایران کے منجمد اثاثوں تک محدود رسائی جیسی اہم تجاویز شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ مفاہمتی یادداشت میں تجویز دی گئی ہے کہ آبنائے ہرمز کو 30 روز کے اندر جنگ سے پہلے کی صورتحال کے مطابق بحال کیا جائے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیاں اور تیل بردار بحری راستے دوبارہ معمول پر آ سکیں۔

گارڈین کے مطابق اس مجوزہ معاہدے میں ایران کو تقریباً 12 ارب ڈالر مالیت کے منجمد اثاثوں تک محدود رسائی دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ یہ اثاثے مختلف امریکی اور بین الاقوامی پابندیوں کے باعث بیرون ملک منجمد کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں؛یورپی یونین نے ‘انتہا پسند’ اسرائیلی آبادکاروں پر پابندی عائد کردی

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز، پابندیوں میں نرمی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے جیسے اہم معاملات پر پیشرفت ہوئی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق چین نے بھی مجوزہ معاہدے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی حتمی معاہدے کی توثیق اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے کی جائے تاکہ اسے بین الاقوامی قانونی حیثیت حاصل ہو سکے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا اس معاہدے کے مختلف نکات پر اسرائیل اور خلیجی ریاستوں سمیت اپنے اتحادی ممالک سے مشاورت کر رہا ہے، جبکہ حتمی منظوری اور دستخط کے مراحل ابھی مکمل نہیں ہوئے۔

تاحال امریکا اور ایران کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم اس خبر نے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور ممکنہ پیشرفت کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔