بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت سے اسرائیل کو غیرمعمولی حمایت مل رہی ہے، نیتن یاہو کا مودی اور دوطرفہ تعلقات کی تعریف

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے بھارت اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ عالمی سطح پر مختلف تنقیدوں اور سفارتی چیلنجز کے باوجود اسرائیل کو بھارت سے بھرپور حمایت اور مثبت ردعمل حاصل ہو رہا ہے، جسے وہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے بعض حصوں میں اسرائیل کو قانونی اور سفارتی مسائل کا سامنا ہے، تاہم بھارت میں صورتحال مختلف ہے اور وہاں اسرائیل کے لیے غیرمعمولی حمایت پائی جاتی ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنے تعلقات کا بھی ذکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو اہم قرار دیا۔

مزید پڑھیں؛کاکروچ جنتا پارٹی، سوشل میڈیا طنز اور جنریشن زیڈ احتجاج، بھارت میں نئی آن لائن لہر

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے تعلقات گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں مزید مضبوط ہوئے ہیں، جن میں تجارت، ٹیکنالوجی، دفاع اور سفارتی تعاون شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ اسرائیلی وزیراعظم نے بھارت کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ اپنے دورۂ بھارت اور وہاں ملنے والے استقبال کو یادگار قرار دے چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ برسوں میں بھارت اور اسرائیل کے تعلقات میں نمایاں وسعت آئی ہے، جبکہ دونوں ممالک مختلف علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔