وفاقی بجٹ(Budget) 5 جون کو پیش نہیں کیا جائے گا، کیونکہ قومی اقتصادی کونسل کا 3 جون کو ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی منسوخی کے بعد وفاقی بجٹ کی پیشی کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، جبکہ بجٹ پیش کرنے کی نئی تاریخ کا تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ 8 یا 12 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، تاہم قومی اسمبلی کے ذرائع 10 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے امکان کا اظہار کر رہے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وفاقی بجٹ کی منظوری اور اہم معاشی اہداف کے تعین کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے، اسی لیے اجلاس کے التوا کے باعث بجٹ شیڈول میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔









