بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک انصاف نے جی بی الیکشن کے نتائج مسترد کر دیے

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر (Barrister Gohar)علی نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابی عمل میں منظم دھاندلی کی گئی اور عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم اور پولنگ کے دوران مختلف رکاوٹوں کا سامنا رہا اور انھیں انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار میدان میں تھے جب کہ پی ٹی آئی اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ کئی حلقوں میں پی ٹی آئی کی یقینی جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔ استور، نگر، غذر اور دیامر کی بعض نشستوں کے نتائج کو متنازع قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ان کے امیدوار متعدد حلقوں میں واضح برتری رکھتے تھے۔

مزیدپڑھیں:مون سون سیزن،ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کا امکان

بیرسٹر گوہر نے الزام لگایا کہ استور میں بڑے پیمانے پر بوگس ووٹ ڈالے گئے اور بعض پولنگ اسٹیشنوں پر فارم 45 جاری نہیں کیے گئے جب کہ پولنگ ایجنٹس کو بھی باہر نکالا گیا۔ انھوں نے رحمان پور یونین کونسل میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابی عمل، ووٹوں کی گنتی اور نتائج کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے کیوں کہ عوامی مینڈیٹ کے برعکس امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔ ان کے بقول گلگت بلتستان میں جعلی مینڈیٹ مسلط کیا گیا ہے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ نئی اسمبلی کی حلف برداری کے روز یومِ سیاہ منایا جائے گا جب کہ احتجاجی لائحہ عمل اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جاری کیا جائے گا۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آزاد حیثیت میں کامیاب امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ایک دو روز میں کیا جائے گا اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔