بلوچستان کے ضلع بیسمہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گردوں(terrorist) کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بیسمہ کے علاقے نال ایریا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کا منصوبہ تھا۔ ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے فوری اور تیز آپریشن کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت موثر طور پر روکی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی یافتہ 14 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیاں اور آئی ای ڈیز بھی تباہ کر دی گئیں۔ آپریشن میں وطن کے بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس نے جامِ شہادت نوش کیا۔
مزید پڑھیں:پکتیکا، مارٹر شیل دھماکا، 7 افراد جاں بحق، 5 کمسن زخمی، اسپتال منتقل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔









