اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق(Ayaz Sadiq) نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مزیدپڑھیں:20ویں ایشین گیمز: ہاکی ایونٹ کے ڈراز کا اعلان، پاکستان پول بی میں شامل
اسپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام ادارے اور قوم متحد ہیں۔









