بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بغیر ٹیکس گاڑی کا معاملہ: میئر لندن صادق خان پر جرمانہ عائد، سٹی ہال نے دعویٰ رد کر دیا

لندن : ڈرائیور اینڈ وہیکل لائسنسنگ ایجنسی (DVLA) کی جانب سے دائر کیے گئے ایک مقدمے میں لندن کے مجسٹریٹ نے میئر لندن صادق خان پر بغیر ٹیکس گاڑی رکھنے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ مجسٹریٹ نے ان کی غیر موجودگی میں سماعت کرتے ہوئے انہیں قصوروار قرار دیا۔

عدالتی فیصلے کے تحت صادق خان کو 220 پاؤنڈ جرمانہ، 85 پاؤنڈ عدالتی اخراجات اور گاڑی کے واجب الادا ٹیکس کی مد میں 35.84 پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ 24 سال پرانی نسان مائیکرا (Nissan Micra) گاڑی کا ٹیکس بروقت ادا نہ کرنے پر قائم کیا گیا تھا۔

تاہم، سٹی ہال کے حکام نے اس فیصلے اور الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ متنازع گاڑی نہ تو صادق خان کی ذاتی ملکیت ہے اور نہ ہی اس کا تعلق ٹرانسپورٹ فار لندن (TfL) سے ہے۔

عدالتی دستاویزات اور ابتدائی حقائق کے مطابق یہ سزا متنازع سنگل جسٹس پروسیجرکے تحت سنائی گئی، جس میں مجسٹریٹ بند کمرے میں عوامی اور فریقین کی موجودگی کے بغیر چھوٹے مقدمات کا فیصلہ کرتا ہے۔ اس عمل کے دوران ڈی وی ایل اے کی جانب سے بھیجے گئے سرکاری خطوط میئر کے دفتر کے بجائے غلطی سے مشہور شیف گورڈن ریمزے کے ریسٹورنٹ کے پتے پر ارسال کیے جاتے رہے۔

معاملہ ذرائع ابلاغ میں آنے اور سٹی ہال کے مؤقف کے بعد ڈی وی ایل اے نے مقدمے، سزا اور ریکارڈ میں ممکنہ غلط اندراج کے حالات کا ازسرِ نو جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔