امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) کی تصویر والے ایک ڈالر کے یادگاری سکے جاری کردیئے گئے ہیں، جس کے بعد وہ گزشتہ ایک صدی کے دوران امریکی کرنسی پر تصویر کے ساتھ نمایاں ہونے والے پہلے زندہ صدر قرار پائے ہیں۔
امریکی وزارت خزانہ کے ذیلی ادارے یو ایس منٹ نے یہ سکے امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیے ہیں۔ سکے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ’’ہم خدا پر یقین رکھتے ہیں‘‘ کی عبارت بھی درج ہے۔
یو ایس منٹ کے مطابق 25 سکوں پر مشتمل ایک رول 61 ڈالر جبکہ 100 سکوں کے تھیلے کی قیمت 154.50 ڈالر مقرر کی گئی۔ تاہم فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی ادارے کی ویب سائٹ پر سکے دستیاب نہ ہونے کا پیغام ظاہر ہونے لگا۔
اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے رواں سال مئی میں کہا تھا کہ محکمہ خزانہ صدر کی تصویر والا 250 ڈالر کا نیا نوٹ جاری کرنے کے منصوبے پر غور کر رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:یاسین ملک کا 25 صفحات پر مشتمل مبینہ بیان حلفی، اہلیہ کو نکاح سے آزاد کرنے کا ذکر
امریکی قانون کے تحت عام طور پر زندہ شخص کی تصویر امریکی کرنسی پر شائع کرنے کی اجازت نہیں، تاہم کانگریس میں ٹرمپ کے حامی قانون سازوں کی جانب سے اس حوالے سے استثنا دینے کی تجویز پیش کی جا چکی ہے۔
امریکی تاریخ میں اس حوالے سے ایک مثال پہلے بھی موجود ہے۔ 1926 میں امریکا کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیے گئے نصف ڈالر کے سکے پر اُس وقت کے صدر کیلون کولیج کی تصویر شامل کی گئی تھی۔









