بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کوٹری اسٹیشن، مال گاڑی کو حادثہ، ریلوے ملازم جاں بحق، اپ ٹریک مکمل بند

کوٹری: سندھ کے علاقے کوٹری ریلوے اسٹیشن پر کوئلے سے بھری مال بردار ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق ہو گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق مال بردار ٹرین حادثے میں اپ مین ٹریک پر ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا ملازم کوٹری سے مال بردار ٹرین میں حیدرآباد جانے کے لیے سوار ہوا تھا۔

حادثے کے باعث ٹرین میں موجود ہزاروں ٹن کوئلے کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کئی فٹ ریلوے ٹریک اکھڑ گیا۔ حادثے کے بعد اپ ٹریک مکمل طور پر بند ہوگیا اور ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے ریلوے عملہ اور ضروری مشینری موقع پر طلب کی گئی اور ٹریک کی بحالی کا کام فوری شروع کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ کوٹری جنکشن سندھ کے اہم ریلوے روٹ پر واقع ہے اور کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت اس راستے سے ہوتی ہے۔

پاکستان میں ٹرینوں کے ٹریک دہائیوں پرانے ہیں تاہم ان کی مرمت کا کام وقتاً فوقتاً جاری رہتا ہے۔ اس کے باوجود ملک میں ٹرینوں کے پٹری سے اترنے کے حادثات معمول بن چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ لودھراں کے قریب ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ جس میں انجن اوور شوٹ اور بےقابو ہو کر پٹڑی سے اتر کر ریت میں دھنس گیا تھا تاہم ٹرین بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔

ریلوے حکام نے ہدایات کو نظر انداز کرنے اور غفلت برتنے پر ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کر دیا تھا۔

اس سے قبل سندھ کے شہر ٹنڈوآدم کے قریب وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ حادثے کے باعث مال گاڑی کی کئی بوگیاں ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک پر آگئیں، جس سے دونوں اطراف ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئیں تھیں۔

مزید پڑھیں:برائن لارا نے بھی عمران خان کی رہائی کیلئے آواز بلند کردی

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ٹریک جلد از جلد بحال کرکے ٹرینوں کی آمدورفت معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔