گوگل نے جی میل، ڈاکومینٹس اور کیپ میں جدید ترین مصنوعی ذہانت پر مبنی وائس فیچرز متعارف کروا دیے ہیں، جن کی مدد سے صارفین قدرتی زبان اور ڈکٹیشن کے ذریعے ای میلز اور دستاویزات سے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے۔
مئی میں ان فیچرز کی تفصیلات کو پیش کیا گیا تھا، جنہیں اب باضابطہ طور پر لانچ کر دیا گیا ہے۔ گوگل کی جانب سے ان نئی سہولیات کو بالترتیب ڈاکس لائیو، جی میل لائیو اور کیپ لائیو کا نام دیا گیا ہے۔
جی میل میں صارفین اب سرچ باکس میں ٹائپ کرنے کے بجائے جیمینائی پر مبنی اے آئی اسسٹنٹ سے لائیو ٹرانسکرپٹ کے ساتھ اپنے ان باکس سے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے۔
دوسری جانب ’ڈاکس‘ میں صارفین اپنی پسند کی تحریر بول کر بتا سکیں گے، جس پر اے آئی اسسٹنٹ جی میل، ڈرائیو، چیٹ اور ویب سے معلومات اکٹھی کر کے پہلا مسودہ تیار کر دے گا۔
اس کے علاوہ کیپ لائیو کو نوٹ پیڈ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بغیر ٹائپ کیے نوٹس بنائے جا سکیں گے، جو ہدایات ملنے پر ریسیپیز اور مختلف اشیا کی فہرستیں بھی خود بخود تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان جدید فیچرز کی دستیابی کے حوالے سے گوگل نے واضح کیا ہے کہ جی میل لائیو گوگل اے آئی پلس، پرو اور الٹرا صارفین کے لیے فراہم کیا گیا ہے، جبکہ ڈاکس لائیو اور کیپ لائیو گوگل اے آئی پرو اور الٹرا صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم ٹاسک فورس بحری اصلاحات، خود انحصاری کی جانب اہم پیشرفت
یہ تمام فیچرز ابتدائی طور پر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر صرف انگریزی زبان میں پیش کیے جا رہے ہیں۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان سہولیات کو بہت جلد ورک اسپیس بزنس صارفین کے لیے بھی رول آؤٹ کر دیا جائے گا۔









