بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ق لیگ سندھ،آصف جمال قریشی صدراور آفاق خٹک جنرل سیکرٹری منتخب

پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کی تنظیمِ نو کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں صوبائی جنرل کونسل نے **آصف جمال قریشی کو صوبائی صدر جبکہ آفاق احمد خٹک کو صوبائی جنرل سیکرٹری** بلامقابلہ منتخب کر لیا۔

انتخاب کا باقاعدہ اعلان سندھ جنرل کونسل کے انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن کے چیئرمین غلام مصطفیٰ ملک نے ارکان انیس بابر اور عامر ایڈووکیٹ کے ہمراہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں عہدوں کے لیے دیگر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث آصف جمال قریشی اور آفاق احمد خٹک کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا۔ جنرل کونسل کے ارکان نے نومنتخب عہدیداران پر اعتماد کی قرارداد بھی منظور کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر گزشتہ ماہ سندھ کی تنظیم تحلیل کرکے محمد کامران سعید عثمانی کی سربراہی میں پانچ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی نے سندھ بھر کے کارکنوں اور عہدیداران سے مشاورت کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن تشکیل دیا، جس کے تحت نئی صوبائی قیادت کا انتخاب عمل میں آیا۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین کامران سعید عثمانی نے کہا کہ سندھ میں تنظیم نو کا مقصد مسلم لیگ (ق) کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی کے عمل میں مخلص، نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ نے کہا کہ پارٹی میں سازشی عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، جبکہ سندھ میں جماعت کو نچلی سطح تک فعال اور مستحکم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

نومنتخب صوبائی صدر آصف جمال قریشی نے قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور مخلص ساتھیوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ (ق) کو سندھ میں متحرک اور مؤثر سیاسی قوت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیلی سطح پر تنظیمی سرگرمیوں کو بھی مؤثر بنایا جائے گا۔

نومنتخب جنرل سیکرٹری آفاق احمد خٹک نے کہا کہ کارکنوں کو متحرک کیے بغیر کسی سیاسی جماعت کو نچلی سطح پر مضبوط نہیں بنایا جا سکتا، اس لیے کارکنوں سے مسلسل رابطہ اور ان کے مسائل کا حل ترجیح ہوگی۔

مزید پڑھیں:عمران خان کی بہنوں پر کتنے مقدمات درج ہیں؟ پولیس رپورٹ سامنے آ گئی

دیگر رہنماؤں نے بھی نئی صوبائی تنظیم کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی قیادت اور نومنتخب عہدیداران پر اعتماد کا اظہار کیا۔