پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی بازیابی کے لیے انکی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
حماد اظہر کی والدہ نے بیرسٹر ابو زر سلیمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا ہے کہ دو روز قبل حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن انہیں تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ حماد اظہر کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت متعلقہ حکام کو حماد اظہر کی قانون کے مطابق گرفتاری ظاہر کرنے کا حکم دے۔ عدالت سے حماد اظہر پر درج مقدمے کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی۔
دوسری جانب لاہور میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے۔ حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل سامنے آگئیں۔
پولیس کے مطابق حماد اظہر 48 مقدمات میں مطلوب تھے جن میں 17 مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہیں۔ ملزم کو جلد چالان مرتب کرکے عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ایکس کا کنٹینٹ کریئیٹرز کیلئے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر طویل عرصہ سے مقدمات کی تفتیش میں شامل ہوئے نہ گرفتاری ممکن ہوسکی، حماد اظہر کی گرفتاری مقدمہ نمبر96 /23میں کیے جانے کا امکان ہے۔









