کراچی: حکومت نے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے گندم کی درآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا۔
ٹی سی پی کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم تازہ ترین فصل سے حاصل شدہ ہونی چاہیے، جبکہ عالمی سپلائرز کی جانب سے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن کی پیشکش ہی قابلِ قبول ہوگی۔
ٹی سی پی کے ٹینڈر کے تحت گندم کی ترسیل کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر سی ایف آر کی بنیاد پر کی جائے گی۔ گندم کی درآمد کے لیے بولیاں 16 ستمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی اور اسی روز بولیاں کھولی جائیں گی۔
ٹی سی پی کے مطابق درآمدی گندم کو صوبوں کی طلب اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقسیم کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر 3 لاکھ ٹن گندم سندھ، 2 لاکھ 50 ہزار ٹن پنجاب جبکہ 2 لاکھ ٹن خیبرپختونخوا کو فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:امریکی حملوں کا منہ توڑ جواب، اردن میں امریکی اہداف پرایرانی میزائلوں کی بارش
اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق ملک میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی۔









