الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مالی سال 25-2024 کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات مقررہ مدت میں جمع نہ کرانے پر زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا اور عبداللطیف کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سابق ارکانِ قومی اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا باضابطہ تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق تینوں سابق ارکانِ قومی اسمبلی نے مالی سال 25-2024 کے لیے اپنے سالانہ مالی گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائے تھے، جس کی پاداش میں قانون کے مطابق یہ اقدام اٹھایا گیا۔
الیکشن کمیشن نے تحریری آرڈر میں واضح کیا ہے کہ یہ نااہلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک یہ سابق ارکان اپنے تمام مطلوبہ مالی گوشواروں کی تفصیلی رپورٹ قانونی طریقہ کار کے مطابق جمع نہیں کرا دیتے۔ اس قانونی کارروائی کے نتیجے میں تینوں ارکان آئندہ کسی بھی قسم کے عام انتخابات، ضمنی الیکشن، سینیٹ الیکشن یا مقامی حکومتوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مکمل طور پر نااہل تصور ہوں گے۔









