اسلام آباد: وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کے کیش لیس اکانومی کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بلال اظہر کیانی کی بل گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی قائم مقام صدر ڈاکٹر کلپنا کوچہر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شامل تھے، اس دوران پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے اور کیش لیس اکانومی پر پیش رفت جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کیش لیس اکانومی کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جس سے جون 2026 تک کے لیے طے کردہ ہدف حاصل کرلیا ہے جب کہ اس تعداد میں مزید اضافہ کے ہدف کو بھی حکومت پورا کرے گی۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ راست کیو آر کے فروغ کے لیے حکومت کی ساڑھے 3 ارب روپے کی سبسڈی نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کا استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی ڈاکومینٹیشن، مالیاتی نظام میں زیادہ سے زیادہ عوام کو شامل کرنے اور سرکاری ادائیگیوں کی شفافیت میں اضافے کے ساتھ کارکردگی بڑھانے کے لیے حکومتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ، پی ٹی آئی احتجاج کیس: تمام صوبوں کے آئی جیز، چیف سیکریٹریز کل طلب
وفد نے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کیش لیس پاکستان اور وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے اور قرعہ اندازی کے ذریعے تعاون مزید بڑھانے کا یقین دلایا۔









