بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں 10 روپے کا نوٹ واقعی ختم ہو رہا ہے؟

پاکستان میں 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم سٹیٹ بینک نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ یا تاریخ جاری نہیں کی۔

پاکستان میں 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ 10 روپے مالیت کا سکہ جاری کرنے کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہوں اور پوسٹوں کی بھرمار ہے۔

اس بحث کی بنیادی وجہ خود سٹیٹ بینک آف پاکستان ہے کیونکہ اس کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین نے گزشتہ ماہ پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس میں اعلان کیا تھا کہ مرکزی بینک کرنسی نوٹوں کی آئندہ سیریز میں سے 10 روپے کے نوٹ کے خاتمے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے کہا گیا کہ 10 روپے کے نوٹ کی بجائے 10 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔

سٹیٹ بینک کے اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی غیر مصدقہ پوسٹوں کی بھرمار نظر آئی جن میں 10 روپے کے کرنسی نوٹ کے خاتمے کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس نوٹ کے تبادلے کے لیے اس مہینے کی آخری تاریخ ڈیڈ لائن ہے۔

تاہم اب تک سٹیٹ بینک کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی ایسا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی نوٹ ختم کرکے سکہ جاری کرنے کی کوئی تاریخ دی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر نے سینیٹ فنانس کمیٹی کو گزشتہ مہینے آگاہ کیا تھا کہ سٹیٹ بینک 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ 10 روپے مالیت کا سکہ جاری کرنے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔

سٹیٹ بینک کے اعلیٰ اہلکار کی جانب سے دیے گئے بیان کے بعد صحافیوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے رابطہ کرکے کسی ایسی ممکنہ پیش رفت کے بارے میں پوچھا تو ترجمان مرکزی بینک نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے ابھی تک کوئی ایسا اعلان نہیں کیا جس میں 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہو۔

پاکستان میں ماضی میں کرنسی نوٹوں کو ختم کرکے ان کی جگہ سکے جاری کیے گئے ہیں۔ ماضی میں ایک، دو اور پانچ روپے کے کرنسی نوٹوں کو ختم کرکے ان کی جگہ سکے جاری کیے گئے ہیں۔

کرنسی نوٹوں کا خاتمہ کن وجوہات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے؟ اس بارے میں سٹیٹ بینک کے سابق گورنر سلیم رضا نے بتایا کہ اس کا تعلق کرنسی کی ویلیو سے ہے۔

سلیم رضا نے کہا کہ جب کرنسی کی ویلیو کم ہوتی ہے تو چھوٹے نوٹوں کی ویلیو بھی کم ہوتی ہے اور ان سے کچھ نہیں خریدا جا سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ آج 10 روپے کی مالیت بہت کم ہو چکی ہے۔

سابق گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ کرنسی نوٹ پھٹ جاتا ہے اور ختم ہو جاتا ہے جبکہ سکہ چلتا رہتا ہے۔ اس لیے کم ویلیو والے کرنسی نوٹ کے بدلے میں سکے جاری کیے جاتے ہیں۔

مالیاتی امور کے ماہر راشد مسعود عالم نے بتایا کہ کرنسی نوٹ میں اس کی قوتِ خرید دیکھی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک کرنسی نوٹ کی قوتِ خرید بہت کم ہو جاتی ہے تو پھر اسے آہستہ آہستہ ختم کیا جاتا ہے۔

راشد مسعود عالم نے کہا کہ کرنسی نوٹ کے بدلے میں سکہ جاری کرنے کی بات اس لیے عجیب ہے کہ سکے پر آنے والی لاگت زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل مقصد کسی خاص نوٹ کی کم مالیت کی وجہ سے اسے مکمل طور پر ختم کرنا ہوتا ہے کیونکہ اس کی مالیاتی ویلیو بہت کم ہو جاتی ہے۔

راشد مسعود عالم نے کہا کہ ماضی میں ایک، دو یا پانچ روپے کے کرنسی نوٹ ختم کرکے ان کے سکے جاری کیے گئے تھے، تاہم کیا اب وہ سکے کہیں نظر نہیں آتے۔

راشد مسعود عالم کے مطابق جب کرنسی کی ویلیو گر جاتی ہے تو کم مالیت کے نوٹ اور سکے اپنی قوتِ خرید کھو دیتے ہیں اور پھر ان کا استعمال بھی آہستہ آہستہ ختم ہو جاتا ہے۔

یوں 10 روپے کے کرنسی نوٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان پوسٹوں کے باوجود سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تاحال نوٹ ختم کرنے یا اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

ا