لاہور: اسکیم موڑ کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں سنچری مکمل کرنے والی موٹرسائیکل کو ٹریفک پولیس نے پکڑ لیا، موٹرسائیکل پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 97 ہزار 200 روپے جرمانہ واجب الادا نکلا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پٹرولنگ آفیسر نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو روکا اور موٹرسائیکل کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا تو اس کے خلاف 104 چالان سامنے آگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار نے 98 مرتبہ بغیر ہیلمٹ سفر کرکے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، جبکہ 5 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی بھی ریکارڈ ہوئی۔
ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل کو مزید کارروائی کے لیے تھانے میں بند کردیا ہے، لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو بھی کلیئرنس کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہر لاہور میں 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کئے جا رہے ہیں، جبکہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔
مزید پڑھیں:ادویات کے کنٹینرز نہ روکے جائیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کا فوری نوٹس
سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔









