ڈیلرز مارجن بڑھنے کے بعد تیل کمپنیوں نے بھی اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کردیا، او سی اے سی نے اوگرا کو خط لکھ کر 66ارب روپے کے زیرالتوا پرائس کلیمز اور مارجن پر فوری عملدرآمد کی درخواست کردی۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اپنے مارجن میں اضافے پر عملدرآمد کے لیے اوگرا سے رجوع کرلیا، او سی اے سی نے خط میں 66ارب روپے کے زیرالتوا پرائس کلیمز اور مارجن کا معاملہ فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔او سی اے سی کے مطابق مارچ دوہزار چھبیس سے تیل کمپنیوں کے کلیمز زیرالتوا ہیں، یہ رقم پیٹرول کے پانچ درآمدی کارگوز کے برابر ہے، زیرالتوا کلیمز کا تصدیقی عمل جلد مکمل کرکے واجبات ادا کیے جائیں۔
او سی اے سی کا کہنا ہے کہ تیل کمپنیوں کے مارجن میں ستمبر 2023میں اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ اگست میں ڈیلرز مارجن میں ایک روپے 34پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، تاہم کمپنیوں کے مارجن میں ایک روپے 22پیسے اضافے پر عملدرآمد تاحال زیرالتوا ہے۔
مزید پڑھیں:کوہاٹ دھماکا، امیر مقام مذمت، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی ہدایت
او سی اے سی نے او ایم سی مارجن میں اضافے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں، خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث سپلائی چین کے مسائل بھی درپیش ہیں۔خط میں خبردار کیا گیا کہ مخدوش مالی صورتحال کے باعث آئل انڈسٹری سپلائی چین متاثر ہونے کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔









