پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے حق میں دیے گئے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ماضی کے برطانوی راج کی یادوں سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔
اسلام آباد میں جاری ہونے والے اپنے بیان میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ “تاج برطانیہ” کا “راج” ختم ہوئے 80 سال ہو چکے ہیں، اور شاید سابق برطانوی وزیراعظم اب بھی اسی “برطانوی راج” کے نشے میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے بورس جانسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزرے ہوئے برطانوی راج کے خمار سے جتنی جلدی باہر آ جائیں، اتنا ہی ان کے لیے بہتر ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے عمران خان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اپنے اس ویڈیو بیان میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے صرف گھڑی ہی تو چوری کی ہے تو کیا ہوا، لہذا انہیں فورا رہا کیا جائے۔ اسی بیان کے تناظر میں اکبر ایس بابر نے برطانوی سیاستدان کے اس طرزِ فکر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔









