ریاض: سعودی عرب کی زیرِ قیادت قائم عسکری اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ دفاعی نظام نے مدینہ منورہ ریجن کی جانب آنے والے ایک کروز میزائل کو فضا ہی میں کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا ہے، تاہم یمن کی حوثی فوج نے اس کارروائی سے کامل انکار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی اتحاد کے باضابطہ ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ملک کے دفاعی نظام نے سعودی سرزمین کی طرف داغے گئے کروز میزائل کا بروقت سراغ لگایا اور مدینہ منورہ کی حدود میں اسے مار گرایا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اتحادی فورسز دشمن کے کسی بھی فضائی خطرے کا جواب دینے کے لیے مکمل چوکس ہیں، اور اسلامی مقدسات و شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ میزائل کہاں سے داغا گیا تھا اور نہ ہی کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع دی گئی ہے۔
دوسری جانب، یمنی حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ان ادعا ئات کی سختی سے تردید کرتے ہوئےایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یمنی فورسز نے سعودی عرب کے خلاف ایسی کوئی کارروائی نہیں کی اور مدینہ منورہ پر حملے سے متعلق تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ریاض پر مبینہ میزائل حملوں کے بعد سعودی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک خصوصی عسکری آپریشن کی تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا اشارہ دیا ہے۔









