بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کی پاسپورٹ کے اجرا میں بڑی تبدیلی، ای پاسپورٹ فیس میں دوگنا اضافہ

اسلام آباد: محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پرانے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا باقاعدہ اجرا ختم کرتے ہوئے جمعہ سے ملک بھر میں صرف جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی فیسوں میں دوگنا تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت 36 صفحات اور 5 سال کی میعاد والے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 4 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 9 ہزار روپے، ارجنٹ فیس 7 ہزار 500 روپے کے بجائے 15 ہزار روپے اور فاسٹ ٹریک فیس 12 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 22 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ 72 صفحات والے پاسپورٹ کی فیسوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم حکام نے وضاحت کی ہے کہ جن شہریوں کے پاس پہلے سے مشین ریڈایبل پاسپورٹ موجود ہیں، وہ ان کی میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔

محکمہ کے ذرائع کے مطابق یہ تبدیلی عالمی سطح پر ای پاسپورٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے لیے 10 نئی جدید پرنٹنگ مشینیں، 6 لیمینیٹرز اور 232 دفاتر میں 24 گھنٹے کام کرنے والا نظام قائم کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای پاسپورٹ پر آنے والے زیادہ اخراجات کے باعث فیسوں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے، جبکہ گزرا سال 2025 میں ریکارڈ 55 لاکھ 72 ہزار سے زائد پاسپورٹ جاری کر کے قومی خزانے میں اربوں روپے کا ریونیو جمع کرایا گیا۔