بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ، 126 ملین ڈالر پوسٹل فراڈ کا ملزم خانیوال سے گرفتار

لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے امریکی ڈاک کے جعلی شپنگ لیبل فروخت کرکے مبینہ طور پر 126 ملین ڈالر کا فراڈ کرنے کے الزام میں خانیوال کے رہائشی فہیم اکرم کو گرفتار کرلیا۔

امریکی حکام کے مطابق ملزم کی ویب سائٹ کے ذریعے 5 ملین سے زائد جعلی پوسٹل لیبل فروخت کیے گئے، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو تقریباً 35 سے 36 ارب پاکستانی روپے کا نقصان پہنچا۔

این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم کو منگل کی صبح گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق فہیم اکرم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک labelsbank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا

، جہاں امریکی ڈاک کے ایسے شپنگ لیبل فروخت کیے جاتے تھے جو قانونی طور پر جاری نہیں کیے گئے تھے۔ ویب سائٹ پر فی لیبل عموماً 2 ڈالر وصول کیے جاتے تھے۔

امریکی حکام کے مطابق 5 ہزار سے زائد صارفین نے ویب سائٹ سے 50 لاکھ سے زیادہ جعلی لیبل خریدے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران امریکی حکام نے ویب سائٹ کا ڈومین ضبط کرکے اسے بند کردیا تھا۔

جبکہ امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس نے ملزم کی گرفتاری اور سزا کا باعث بننے والی معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ ڈالر تک انعام دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

عاطف امیر کے مطابق ملزم کا سراغ لگانے کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔

تحقیقات کے دوران 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگز کا جائزہ لیا گیا۔ ملزم کی تلاش کے لیے 10 روز تک لوکیٹر آپریشن جاری رہا، جبکہ مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی گئی۔

حکام کے مطابق مبینہ کاروبار کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، جن میں ملزم کے 7، اس کے بھائی کے 5، اہلیہ کے 2، جبکہ بہن اور خالہ کا ایک ایک اکاؤنٹ شامل ہے۔

تفتیشی حکام ان اکاؤنٹس کے ذریعے ہونے والے مالی لین دین کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ رقم کی منتقلی اور مبینہ فراڈ میں دوسرے افراد کے کردار کا تعین کیا جاسکے۔

کیس کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر وقاص سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن، ایس ایچ او نجم باجوہ، سب انسپکٹر نبیل اور سب انسپکٹر تنویر شامل ہیں۔

امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق فہیم اکرم کو سازش، جعلی پوسٹل لیبل تیار اور فروخت کرنے اور الیکٹرانک ذرائع سے فراڈ کے الزامات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹائیگر شروف کے بعد امیتابھ بچن اور دلجیت دوسانجھ کو بھی دھمکیاں

این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اب ویب سائٹ سے حاصل ہونے والی رقم، مالی لین دین

ور اس مبینہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی مزید تحقیقات کی جائیں گی۔

ملزم فہیم اکرم کوضلع کچہری میں پیش کرکے 5 روزہ ریمانڈ پر این سی سی آئی اے (نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی) کے حوالے کر دیا گیا۔