بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ میں مزید شدت نہ آنے کے امکانات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اور اس کے اثرات کے تحت پاکستان میں بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعرات کو ایشیائی مارکیٹس کاروبار کے دوران برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودے 97 سینٹ یعنی 1.03 فیصد کمی کے ساتھ 93.65 ڈالر فی بیرل پر کیے گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے سودے 1.14 ڈالر یعنی 1.29 فیصد کی کمی کے ساتھ 86.98 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوئے۔

Pak-China Friendship Hospital Islamabad - Ministry of Information and Broadcasting

اس سے قبل دونوں بنیادی بینچ مارکس میں گزشتہ سیشن کے دوران 8 فیصد سے زائد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی تھی جو 31 اگست کے بعد کم ترین سطح ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے خلیجی حکومتوں کے قریبی ذرائع اور معاشی تجزیہ کاروں کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وسط مدتی انتخابات کے نتیجے میں امریکی کانگریس میں اپوزیشن ڈیموکریٹس کے کنٹرول کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس فوجی اقدامات کا اختیار محدود ہو سکتا ہے، جس کے باعث وائٹ ہاؤس کے پاس اب تہران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کی ترغیب زیادہ ہے۔

اسپارٹا کمیوڈٹیز کی سینئر آئل اینالسٹ جون گوہ کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کے بعد مارکیٹ ٹرمپ انتظامیہ کے اگلے اقدامات کا اندازہ لگا رہی ہے اور جنگ کے خاتمے کے امکانات کو بنیاد بنا کر قیمتیں نیچے آ رہی ہیں، تاہم ان کے بقول مکمل سفارتی تصفیے کا راستہ تاحال غیر یقینی ہے اور عالمی اسٹریٹجک ذخائر میں کمی کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہ سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز کے ذریعے خلیجی تیل کی ترسیل جنگ سے قبل کی سطح کے قریب پہنچ چکی ہے، جس نے مسلسل کئی ماہ کے تعطل کے بعد عالمی منڈی کو ایک بار پھر سرپلس کی حالت میں داخل کر دیا ہے۔

مزیدپڑھیں:اولمپک گولڈ میڈلسٹ کے گھر چوری، ڈاکو 1980 کا تاریخی طلائی تمغہ بھی لے اڑے

جے پی مورگن کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں عالمی تیل کا سرپلس 11 لاکھ بیرل فی دن رہا جو اکتوبر میں بڑھ کر 14 لاکھ بیرل فی دن تک پہنچ گیا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں حکومتِ پاکستان نے بھی عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تخفیف کی منظوری دے دی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 362 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ .

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

تاہم بعض توانائی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کی یہ حالیہ گراوٹ عارضی بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

توانائی کنسلٹنسی ’ایکس اینالسٹس‘ کے چیف ایگزیکٹو مکیش سہدیو کا کہنا ہے کہ جغرافیائی تزویراتی خطرات کی پیش گوئی آسان نہیں، اور نئی امریکی کانگریس جنوری میں ذمہ داریاں سنبھالے گی جس کے باعث واشنگٹن کی پالیسی میں فوری تبدیلی کی امید قبل از وقت ہوگی۔

اس کے علاوہ عالمی سطح پر کمرشل تیل کے ذخائر گزشتہ 15 سال کی کم ترین سطح پر ہیں اور امریکا میں طلب برقرار رہنے سے انوینٹریز میں کمی دیکھی گئی ہے، لہٰذا آنے والے دنوں میں عالمی معاشی صورت حال اور سفارتی پیش رفت پر مارکیٹ کا انحصار رہے گا۔