راولپنڈی: سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں ایک اہم اور فیصلہ کن پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے اہلِ خانہ نے ملزم شوہر احسن طاہر کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ طور پر عدالت میں اس کے حق میں حلف نامہ اور بیان جمع کرا دیا ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران مقتولہ کی والدہ اور بہن علوینہ سمیت دیگر اہلِ خانہ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ مدعی مقدمہ اور مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل صبا فراز راجہ نے پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا۔ مدعی پارٹی کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ربیعہ احسن کی موت ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں واقع ہوئی اور ملزم احسن طاہر نے انہیں جان بوجھ کر قتل نہیں کیا۔ حلف نامے کے متن کے مطابق مقتولہ کی بہن علوینہ نے بیان دیا کہ اہلِ خانہ نے اپنے طور پر مکمل تسلی کر لی ہے کہ ملزم نے ان کی بہن کو قتل نہیں کیا، اس لیے وہ ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل سے وابستہ سینئر اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن 8 نومبر 2026ء کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر واقع اپنے گھر کے کمرے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے شوہر احسن طاہر خان کو حراست میں لے کر مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں ایف آئی آر نمبر 1231/26 درج کی تھی، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 13-2(a) شامل کی گئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق وقوعہ کے وقت میاں بیوی کمرے میں موجود تھے جبکہ والدہ اور بہن لان میں بیٹھی تھیں، اور گولی چلنے کی آواز پر جب اہلِ خانہ کمرے میں پہنچے تو ربیعہ خون میں لت پت پڑی تھیں اور ملزم کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔
تفتیشی ریکارڈ کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور کا مقامی ساختہ پستول برآمد کیا تھا جس کا ملزم کوئی لائسنس پیش نہیں کر سکا، جبکہ ملزم نے ابتدائی بیان میں مؤقف اپنایا تھا کہ وہ مذاق میں پستول ربیعہ کی جانب کر کے چیمبر لوڈ کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو گردن میں جا لگی۔ کیس کی تفتیش کے دوران 9 نومبر کو مقدمہ واپس لینے کی خبروں کی بھائی نے تردید کی تھی، جس کے بعد 17 نومبر کو سی پی او راولپنڈی نے تصدیق کی تھی کہ گولی احسن طاہر ہی نے چلائی تھی تاہم اس کے حادثاتی یا دانستہ ہونے سے متعلق فرانزک تحقیقات جاری ہیں، جبکہ 18 نومبر کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کا پولی گراف ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا تھا۔
قانونی ماہرین کے مطابق قتل کے مقدمے میں قانونی ورثاء کو ملزم معاف کرنے یا راضی نامہ کرنے کا حق حاصل ہے تاہم محض حلف نامہ جمع کرانے سے مقدمہ خود بخود ختم نہیں ہو جاتا بلکہ اس کے لیے عدالت کی باقاعدہ منظوری لازمی ہے۔ مزید برآں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعہ ناقابلِ راضی نامہ اور الگ نوعیت کا جرم ہے جس پر ریاست کی جانب سے قانونی کارروائی جاری رہ سکتی ہے، اس لیے اہلِ خانہ کی معافی کے باوجود عدالت فرانزک شواہد اور دیگر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی حتمی فیصلہ صادر کرے گی۔








