بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لیبیا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ فوزی الطاہر رحومہ سلیم

اسلام آباد : لیبیا کے ایوان نمائندگان کے فرسٹ ڈپٹی سپیکر فوزی الطاہر رحومہ سلیم نے کہا کہ لیبیا پاکستان کو کاروبار کے حوالے سے ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور اس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے لیبیا کے ایوان نمائندگان کے ایک 12 رکنی وفد کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فوزی الطاہر رحومہ سلیم نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور لیبیا کے سرمایہ کار اس کی معیشت میں موجود کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے لیبیا کے سرمایہ کار دونوں ممالک کی معیشتوں کو مزید بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے لیبیا کے ایوان نمائندگان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کریں گے تاکہ کاروبار کو بہتر فروغ دے کر دونوں کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے اپنے خطاب میں وفد کو گوادر اور سی پیک منصوبے میں لیبیا کے سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے پائے جانے والے مواقعوں سے تفصیل سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ لیبیا کے سرمایہ کاران سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی انٹرنیشنل کمپنیاں پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے لیبیا کے سرمایہ کار کئی مارکیٹوں میں اپنی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لا کر باہمی تجارتی تعلقات کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے لہذا اس طرف خصوصی توجہ دی جائے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ لیبیا کا سالانہ ٹرن اوور 48 ارب ڈالر سے زائد ہے لیکن پاکستان کے ساتھ اس کی باہمی تجارت صرف ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہے جو کہ دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا زرعی مصنوعات، تعمیراتی سامان اور کنزیومر گڈز سمیت کئی مصنوعات باہر سے درآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستان ان مصنوعات کو مسابقتی قیمتوں پر لیبیا کو فراہم کر سکتا ہے لہذا لیبیا پاکستان سے درآمدات بڑھانے پر توجہ دے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے تمام ممکنہ مواقع تلاش کرنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دونوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزیدمضبوط ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی لیبیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صحیح شراکت داروں سے ملانے میں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔
سنیٹر افنان اللہ خان، چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، اجمل بلوچ، امیر حمزہ، اختر حسین، ڈاکٹر محمد عثمان، راجہ امتیاز، ہمایوں کبیر، خالد چوہدری، سیف الرحمان خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔