بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امراض چشم کے مریضوں کے لئے الرٹ : یہ دوا بینائی سے محروم کرسکتی ہے

اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری (ڈریپ) نے امراض چشم کی دوا اوپتھ کارب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا اور کہا اس دوا کا استعمال بینائی سے محروم کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈرگ ریگولیٹری (ڈریپ) نے امراض چشم کی دوا کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

ڈریپ نے اوپتھ کارب سٹیرائل کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری کر دیا ، جس میں اوپتھ کارب سٹیرائل کے بیچ او پی 154 کو غیر معیاری قرار دیا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ اوپتھ کارب سٹیرائل انٹراکیولر سولوشن اوپتھ فارما کراچی کی تیار کردہ ہے، اوپتھ کارب کے بیچ کو سنٹرل ڈرگز لیبارٹری کراچی نے غیر معیاری قرار دیا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ اوپتھ کارب کا ری کال الرٹ شہری، ڈاکٹرز، کیمسٹ کیلئے جاری کیا گیا ہے، اوپتھ کارب دوا آنکھ کی سرجری، گلاکوما کے علاج کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔

ڈریپ نے کمپنی کو اوپتھ کارب دوا کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کیمسٹ اوپتھ کارب کے متاثرہ بیچ کی فروخت روکنے کیلئے اسٹاک چیک کریں۔

ڈریپ الرٹ میں کہا گیا کہ فارما کمپنی اوپتھ کارب سٹیرائل کا متاثرہ بیچ سپلائی نہ کرے، کیمسٹ اوپتھ کارب سٹیرائل کا متاثرہ بیچ کمپنی کو واپس کریں۔

ڈریپ کی صوبائی ٹیمیں میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھائیں، ڈاکٹرز مریضوں کو اوپتھ کارب کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔

الرٹ کے مطابق اوپتھ کارب کے غیر معیاری بیچ کا استعمال بینائی سے محروم کر سکتا ہے،اوپتھ کارب کے غیر معیاری بیچ کا استعمال نظر کو دھندلا سکتا ہے جبکہ آنکھ میں سرخی، پانی بہنے کا سبب بن سکتی ہے۔