معیشت سے متعلقہ اہم وزاتیں کاروباری طبقے کو دینے کی سابق صدر کی تجویز مسائل کے حل کی جانب ایک قدم ہے،صدر آئی سی سی آئی
اسلام آباد(ممتازنیوز)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ سابق صدر اور شریک چیئر مین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کا تمام سیاسی جماعتوں کے در میان چارٹر آف اکانومی کے حوالے سے بیان خوش آئند ہے۔گزشتہ ایک سال سے بطور صدر اسلام آباد چیمبر میں نے ہر فورم پر اس مطالبے کو رکھا ہے، وفاقی دار الحکومت کی بزنس کمیونٹی اس تجویز کی پرزور تائید کرتی ہے۔سابق صدر کا لاہور میں بزنس کمیونٹی سے خطاب ملکی معاشی مسائل کے حقیقی ادراک کا عکاس ہے،سابق صدر کی جانب سے معیشت سے متعلقہ اہم ترین وزارتیں بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد کو دینے کی تجویز بھی معاشی مسائل کے حل کی جانب ایک قدم ہے۔بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں کاٹن کاشت کی تجویز کوالٹی پروڈکشن کے حصول کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن و امان کی بحالی کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے لاہور میں بزنس کمیونٹی سے خطاب پر ہفتے کو اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ پاکستان جن معاشی مسائل سے آج دو چار ہے ان میں طویل المدتی منصوبہ بندی نہ ہونا اور پالیسیوں کے تسلسل کی کمی بڑی وجہ ہے۔سابق صدر نے بزنس کمیونٹی کو آفر کی کہ وہ معیشت کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ معاہدہ کرنے پر تیار ہیں یہ انتہائی خوش آئند ہے۔پیپلز پارٹی پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت اور موجودہ اتحادی حکومت کی دوسری بڑی جماعت ہے۔سابق صدر کی جانب سے کی گئی آفر کو مسلم لیگ ن،پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں سنجیدگی سے لیں۔معیشت کے مسئلے پر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔اسلام آباد چیمبر وفاقی دار الحکومت اور ملک کا نمائندہ چیمبر ہونے کے ناطے میزبانی سمیت اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے تجویز دی کہ معیشت کے حوالے سے وزارتیں جن میں وزارت خزانہ،ٹیکسٹائل،تجارت سمیت دیگر شامل ہیں ان کا چارج کارباری افراد کے پاس ہونا چاہیے۔درحقیقت یہ تجویز معاشی مسائل کے حل کی طرف قابل عمل پیش رفت ہے۔بزنس مین ملکی معیشت کو سب سے زیادہ سمجھتا ہے اور اس کا سٹیک بھی سب سے زیادہ ہے۔پیپلز پارٹی سابق صدر کے بیان کی روشنی میں اس تجویز کو اپنے معاشی منشور کا حصہ بنائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان طویل عرصے سے بدامنی کا شکار ہے۔سابق صدر نے اپنے خطاب میں جھل مگسی میں کاٹن کی کاشت کی تجویز پیش کی،اس تجویز پر عمل درآمد سے جہاں ایک طرف پاکستان کاٹن کی کوالٹی پروڈکشن حاصل کر پائے گا وہیں بلوچستان میں دہشت گردی اور بد امنی کی روک تھام کیلئے مضبوط بنیادیں بھی فراہم کی جا سکیں گی۔جب نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں ملیں گی تو وہ دیگر منفی کاموں سے دور رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر کا ریجنل کنکٹیوٹی کے حوالے سے ویژن قابل تعریف ہے۔پاک ایران گیس پائپ لائن توانائی کے مسائل کے حل کیلئے بہترین متبادل ہو سکتا ہے۔حکومت اس منصوبے کی فوری تکمیل کیلئے اقدامات کرے۔









