تحصیل فورٹ عباس کے علاقوں مروٹ اور اڈا رصافہ میں یوٹیلیٹی سٹورز برانچز بند کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں
شہریوں کا نگران وزیر اعظم ،گوہر اعجاز اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے نوٹس لینے ،سٹورز کو بحال رکھنے کا مطالبہ
اسلام آباد :یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن کی انتظامیہ نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف سے محروم کرنے کا فیصلہ کر لیا ، تحصیل فورٹ عباس کے علاقوں مروٹ اور اڈا رصافہ میں یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ،متعلقہ علاقوں میں لاکھوں غریب اور بی آئی ایس پی ریلیف پروگرام میں شامل افراد مقیم ہیں جن کے دونوں سٹورز بند کئے جانے سے اشیا خودونوش پر حکومتی ریلیف سے محروم ہونے کا خدشہ ہے ، علاقہ مکینوں نے صورتحال پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ، نگران وزیر صنعت و پیدوار گوہر اعجاز اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے صورتحال کا نوٹس لینے اور دونوں سٹورز کو بحال رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن کی انتظامیہ نے تحصیل فورٹ عباس کے علاقوں مروٹ اور اڈا رصافہ میں یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کی تیاریاں پکڑ لی ہیں ۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دونوں سٹورز کو کم سیل کا جواز بنا کر تحصیل فورٹ عباس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی تین یوٹیلیٹی سٹورز قائم ہیں ۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ بند کئے جا رہے دونوں یوٹیلیٹی سٹورز کی سیل کم ہونے کے حوالے سے دعوئوں میں صداقت نہیں بلکہ علاقے کے ویئر ہائوس کے انچارج کی طرف سے متعلقہ سٹورز کو سامان ہی سپلائی نہیں کیا جا رہا، جب تک سامان سپلائی کیا جاتا تھا تو دونوں سٹورز کی روزانہ کی سیل لاکھوں میں ہوتی تھی ۔ دوسری طرف دونوں سٹورز بند کئے جانے کی صورت میں علاقے کی لاکھوں کی تعداد میں غریب اور بی آئی ایس پی پروگرام میں شامل عوام اشیائے خوردونوش پر حکومتی ریلیف سے محروم ہو جائے گی ۔ صورتحال پر عوام نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ، نگران وزیر صنعت و پیدوار گوہر اعجاز اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے نوٹس لینے اور دونوں یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی ترسیل اور سیلز کا آڈٹ کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں سٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے اور سامان فراہم نہ کرنے والے انچارج ویئر ہائوس کیخلاف بھی کارروائی کی جائے ۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن انتظامیہ کالاکھوں لوگوں کو ریلیف سے محروم کرنے کا فیصلہ








