بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

زراعت کی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی اور جدت کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے،احسن بختاوری

فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن پاکستان میں زراعت کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، فلورنس رولے

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت کی ترقی اور زرعی شعبے کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ٹیکنالوجی اور جدت لانے کی ضرورت ہے۔زرعی ملک ہونے کے باوجود سالانہ اربوں ڈالر کی اشیاء کی درآمد افسوس ناک ہے۔انٹر نیشنل ایجنسیز اور ڈونر کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کیلئے کام کرنے کیا جانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن پاکستان کی سربراہ فلورنس رولے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہونے کے ناطے دنیا کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی مجموعی قومی آمدن (جی ڈی پی)کا تقریباً 18.5 فیصد زراعت پر مشتمل ہے، 64 فیصد دیہی آبادی کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے جبکہ کل قومی لیبر فورس کا تقریبا ً43 فیصد زراعت پر مشتمل ہے۔ پاکستان دنیا کے اْن 11 بڑے ممالک میں سے ایک ہے جن کے پاس وسیع اور زرخیز زرعی زمین موجود ہے۔اس شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی،پرائیوٹ سیکٹر اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایک ساتھ مل کر مربوط پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنا کر ہم پاکستان کو فوڈ باسکٹ بنا سکتے ہیں۔انہوں نے زراعت کے فروغ،بہتری اور مسائل کے حل کیلئے ورلڈ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی تعریف کی۔انہو ں نے اس بات پر زور دیا کہ زراعت کے شعبے سے منسلک اداروں کو عالمی ایجنسیز اور ڈونرز کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے اسلام آباد چیمبر بھرپور کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اپنی سرگرمیوں،سمینارز کیلئے اسلام آباد چیمبر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتا ہے۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن پاکستان کی سربراہ فلورنس رولے نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان میں زراعت کے شعبے میں جدت لانے کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ہم پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر دیگر پروجیکٹس پر بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔اس حوالے سے اسلام آباد چیمبر ایف پی سی سی آئی سمیت دیگر چیمبرز کے ساتھ روابط میں اپنا کردار ادا کرے۔ملاقات میں اسلام آباد چیمبر اور ورلڈ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے در میان تعاون کے حوالے سے ایم او یو پر تبادلہ خیال کیا گیا جس پر جلد دستخط ہوں گے۔ملاقات میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے ہیڈ آف آپریشن، چیئر مین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک،سیکرٹری جنرل یو نائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری سمیت دیگر شریک ہوئے۔