راولپنڈی(نیوزڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا سرکاری دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، ترک وزیر خارجہ و دفاع کے علاوہ ترک جنرل اسٹاف کے کمانڈر، ترک بری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف نے ملاقاتوں کے دوران دفاعی اور تربیتی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ترک فوج کی کوششوں کو سراہا، سپہ سالار نے ترک مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے معیار کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر ترک رہنماؤں نے رواں برس فروری میں ترکیہ میں آنے والے بدقسمت زلزلے کے دوران NDMA ٹیموں کے ساتھ کام کرنے والے پاکستانی آرمی انجینئرز کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انقرہ میں مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے ترک لینڈ فورسز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف کو وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے بھی نوازا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاک فوج ترکیہ کی زمینی افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
اس بات کا اظہار آرمی چیف نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ایک تقریب میں کیا۔ سپہ سالار نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور فتح کے لمحات میں کھڑا رہا ہے، اب بھی ہم دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتے رہیں گے۔









